وزیراعظم شہبازشریف نے بہاءالدین زکریا ایکسپریس ٹرین میں دوران سفرخاتون سے مبينہ زیادتی کا نوٹس لے لیا۔
وزیراعظم شہبازشریف کی ہدایت پرسلمان صوفی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی۔سلمان صوفی وزیراعظم کی قائم کردہ اصلاحات کمیٹی کےسربراہ بھی ہیں۔
کمیٹی نےخواتین مسافروں کی حفاظت کیلئےتبدیلیوں کی تجاویز دیں ہیں۔ کمیٹی نے ریلوے اسٹیشنوں پر لیڈی ریلوے پولیس فورس تعینات کرنے کی تجویز دی ہے۔
اس کے علاوہ ایک لیڈی سب انسپکٹراور2لیڈی کانسٹیبل کی ٹیمیں تعینات کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
کمیٹی نے کہا ہے کہ خواتین مسافروں کیلئے“سفرسہیلی“موبائل ایپ لانچ کی جائے اور ٹکٹوں پر ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کی ہدایات اور ایمرجنسی نمبر پرنٹ کیا جائے۔
واضح رہے کہ ملتان سے کراچی آنے والی مسافر ٹرین میں خاتون کے ساتھ زیادتی کرنے والے 3 ملزمان پولیس نے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا۔
کراچی کے تھانہ سٹی ریلوے پولیس اسٹیشن میں خاتون کی جانب سے رپورٹ درج کرائی گئی تھی جس میں 3 افراد کے خلاف زیادتی کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا کہ وہ 26 مئی کو اپنے بچوں سے ملنے مظفر گڑھ گئی تھی اور 27 مئی کو واپسی پر ملتان سے کراچی آنے والے نجی ٹرین میں مظفر گڑھ سے بیٹھی تھی۔
خاتون کا کہنا تھا کہ روہڑی سے حیدر آباد کے درمیان ٹرین کے انچارج اور 2 ٹکٹ چیکروں نے اسے زیادتی کا نشانہ بنایا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ خاتون کی شکایت پر نجی ٹرین سروس کے 3 ملازمین کے خلاف دفعہ 376 اور 34 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ا ورمتاثرہ خاتون کا جناح اسپتال میں طبی معائنہ کروايا گیا جس میں زیادتی کی تصدیق ہوئی۔
آئی جی ریلویز نے بتایا تھا کہ اس واقعے کے ملزمان کی گرفتاری نشاندہی کے بعد فوراً کی گئی اوراس کیس کو سائنسی بنیادوں پر حل کریں گے۔ کیس میں متاثرہ فیملی کو ہر طرح سے انصاف مہیا کیا جائے گا۔ اس کیس میں ٹرین کا ٹکٹ چیکر منور بھی ملوث تھا، جس کو گرفتار کرلیا گیا۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/IKf9h8c
No comments:
Post a Comment