
سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کو پاکستان پیپلز پارٹی نے خود چھوڑا تھا اور دوبارہ واپسی کے لیے انھیں اعتماد بحال کرنا ہوگا۔
منگل کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہرسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے صحافیوں سے بات کرتےہوئے بتایا کہ ملک کے نام نہاد نظامِ احتساب کو چوتھا سال ہے،یہ کیس بے جان ہے اورجج بھی پریشان ہیں۔
انھوں نے سوال اٹھایا کہ کیا نیب کا کام ملک کی ہاؤسنگ سوسائیٹیوں کو چلانا ہے؟ تاہم یہ تماشے ایک دن ضرور ختم ہوں گے اوران کیسز کی حقیقت عوام کے سامنے ضرور رکھیں گے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی 5 سالہ حکومت پرایک کرپشن کیس نہ بن سکا لیکن اس حکومت میں کرپشن کی اتنی داستانیں ہیں کہ 10 سال بھی مقدمات چلتے رہیں تو بھی ناکافی ہے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ حکومت کےوزیراور مشیر اپنے اثاثے تو بتائیں تا کہ کل ان سے پوچھا جاسکے کہ جب آپ آئے تو آپ کیا تھے اور جب جارہے ہیں تو آپ کیا ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہر محکمے میں کرپشن ہے اورکرپشن میں 16 ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اگریہی حال رہا تو عمران خان کی حکومت دنیا کی کرپٹ ترین حکومت ہوگی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی تشہیر نہیں کی جاتی۔ تحریک عدم اعتماد اس وقت آئے گی جب اپوزیشن کے نمبرز پورے ہوں گے۔
یہ بھی کہا کہ ملک کے حالات وہاں جارہے ہیں جہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت سے قبل تھے۔ نہ لوگ شہروں میں محفوظ ہیں نہ ہی سرحدوں پر محفوظ ہیں۔ ملک میں ناکامی اس لیے ہے کیوں کہ پارلیمان کے اندر اور باہر پورا ملک تقسیم ہو چکا ہے۔ اگر فوری شفاف انتخابات نہیں ہوئے تو عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوتا چلے جائے گا۔
from SAMAA https://ift.tt/BKqfdsi
No comments:
Post a Comment