
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے رقوم کی ادائیگی کا ایک ڈیجیٹل نظام ‘راست’ کے تحت فرد تا فرد (پی ٹو پی) رقم کی مفت منتقلی کی سہولت متعارف کرادی ہے۔
راست اسٹیٹ بینک کا تیار کردہ پاکستان کا پہلا فوری ادائیگی کا نظام ہے جو پاکستانی عوام کو ڈیجیٹل ادائیگی کی فوری اور معتبر سہولت فراہم کرتا ہے، اردو زبان کے لفظ راست کا مطلب صحیح اور سیدھا ہے۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا راست کے ذریعے فرد سے فرد سروس سے نہ صرف صارفین کو آسان دشواریوں سے پاک اور مفت ڈیجیٹل فنڈ ٹرانسفر کی سہولت ملے گی بلکہ مؤثر اور سازگار ادائیگیوں کا انفرااسٹرکچر بھی مہیا ہوگا جس سے معیشت کی ڈیجیٹائزیشن اور ملک میں ڈیجیٹل مالیاتی سروس کے فروغ کی راہ ہموار ہوگی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے مالیاتی نظام میں اصلاحات اور ادائیگی کے نظام میں بہتری کے لیے سخت محنت کر رہا ہے اور ادائیگی کے نظام کو کم سے کم وقت کے ساتھ فاسٹ ٹریک پر لانے کے لیے کئی اقدامات کیے گئے۔
اسٹیٹ بینک نے مزید کہا کہ ‘راست’ فرد تا فرد رقوم کی منتقلیوں اور سیٹل منٹ خدمات کے تحت صارفین اپنے بینک کی موبائل ایپلیکیشن، انٹرنیٹ بینکاری اور اوور دی کاؤنٹر خدمات استعمال کرتے ہوئے اپنے اکاؤنٹس میں رقوم بھیجنے اور اسے وصول کرنے کی سہولت سے استفادہ حاصل کرسکیں گے۔
مرکزی بینک کا کہنا تھا کہ صارفین کے لیے آسانی یہ ہے کہ وہ بینک کی موبائل ایپلیکیشن، انٹرنیٹ بینکنگ کے ذریعے یا بینک کی برانچ میں جاکر اپنے رجسٹرڈ موبائل فون نمبر کو اپنی راست آئی ڈی بنا کر اسے اپنے ترجیحی انٹرنیشنل بینک اکاؤنٹ نمبر (آئی بی اے این) سے منسلک کرسکیں گے۔
مزید برآں اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو ہدایت کی کہ وہ موبائل ایپلیکیشن، انٹرنیٹ بینکنگ اور برانچ کاؤنٹرز سمیت کم از کم 3 ذرائع (چینلز) پر راست اسکیم کے تحت فرد سے فرد رقم کی منتقلی کی سہولت فراہم کریں۔
from SAMAA https://ift.tt/Dd1YvGE
No comments:
Post a Comment