پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ الیکشن میں تاخیر کسی صورت نہیں چاہتے اب الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئینی مدت میں شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے۔
پیپلز سیکریٹریٹ کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کا کام تیز کرے تا کہ آئینی مدت میں انتخابات کا انعقاد ہوسکے۔
نثار کھوڑو نے کہا کے ہم پرامن شفاف طریقے سے اقتدار کی منتقلی چاہتے ہیں اور نگران وزیراعظم الیکشن کمیشن کے ساتھ ملک میں شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی 2023 کے انتخابات میں پہلے سے زیادہ اکثریت حاصل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سیاسی نظام کو کمزور کرنے کی کوشش کی مگر جمہوری قوتوں کے کردار کی وجہ سے پارلیمنٹ نے مدت پوری کی۔ انہوں نے کہا کے 18 ویں ترمیم کے ذریعے پارلیمنٹ کو مضبوط کیا اور جمہوری حکومتوں کو ختم کرنے کی شق 58 ٹو بی کو ختم کیا گیا۔
رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ طاقت کا سرچشمہ کسی اور کو نہیں عوام کو سمجھتی ہے کیونکہ پیپلز پارٹی کا جمہوری کردار سب کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کو آگے لے کر چلنے کے لئے کردار ادا کر رہی ہے اور ہماری عوام کے لئے جدوجہد جاری رہے گی۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/ZBtpoVx
No comments:
Post a Comment