چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں ریال میڈرڈ نے لیورپول کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہرا دیا، جس کے بعد لیورپول ساتویں مرتبہ یہ خواب پورا کرنے میں ناکام رہا ہے۔
فرانس کے شہر پیرس میں ہونے والے میچ میں کلیدی کردار وینیشیئس جونیئر کے دوسرے ہاف میں کیے گئے گول نے ادا کیا جس نے ریال میڈرڈ کے لیے فتح کا راستہ ہموار کیا۔
ریال میڈرڈ کے گول کیپر تھیبا کورتوائے نے یکے بعد دیگرے گول روک کر لیورپول کو زچ کیے رکھا۔ لیورپول اب تک چھ مرتبہ یہ ٹرافی جیت چکا ہے اور آخری مرتبہ اس نے یہ کپ سنہ 2018 تا 2019 کے سیزن میں اٹھایا تھا۔
محمد صلاح جو سنہ 2018 میں ریال میڈرڈ کے خلاف فائنل میں انجری کے باعث میچ سے باہر ہو جانے کا بدلہ لینا چاہتے تھے، اپنی خواہش پوری نہ کر سکے کیونکہ کورتوائے نے اُن کا گول تین مرتبہ روکا۔
یہ فتح اس لیے بھی ریکارڈ ساز ہے کیونکہ کارلو اینسیلوٹی چوتھی مرتبہ چیمپیئنز لیگ ٹائٹل جیتنے والے تاریخ کے پہلے کوچ بن چکے ہیں۔
میچ سے پہلے ہی ریال میڈرڈ کو پسندیدہ قرار دیا جا رہا تھا اور فیصلہ کُن لمحہ 59 منٹ بعد اس وقت آیا جب وینیشیئس نے گول کیا۔
لیورپول کے لیے ویسے تو یہ سیزن نہایت شاندار رہا ہے کیونکہ وہ کاراباؤ کپ اور ایف اے کپ جیت چکے ہیں۔ یہ دونوں ہی کپ اُنھوں نے چیلسی کے خلاف پینلٹی راؤنڈ میں جیتے۔
مگر اسی ہفتے اُنہیں دوہری مایوسی کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ وہ پریمیئر لیگ میں مانچسٹر سٹی سے ایک پوائنٹ سے ہارے اور اس کے بعد ریال میڈرڈ کے گول کیپر کورتوائے نے اُن کی زندگی مشکل بنا دی۔
بیلجیئم سے تعلق رکھنے والے کورتوائے مسلسل محمد صلاح کی ٹیم کے لیے مشکل بنے رہے اور اُنہوں نے اپنے پینلٹی ایریا کی جم کی حفاظت کی۔
کئی مواقع پر دیکھا گیا کہ جب کورتوائے نے لیورپول کا گول روکا تو صلاح اپنا سر بے یقینی کی کیفیت میں جھٹک رہے تھے۔
لیورپول کی کارکردگی مجموعی طور پر اتنی شاندار نہیں رہی اور اُنھیں جارحانہ انداز میں نہ کھیلنے کا نقصان بھی ہوا جس کا فائدہ ریال میڈرڈ نے ریکارڈ 14 ویں مرتبہ یہ ٹائٹل جیت کر اٹھایا۔
لیورپول کے لیے ایک اور پریشان کُن واقعہ اسٹیڈیم سے باہر بھی ہوا جہاں ہزاروں لیورپول مداح اسٹیڈیم میں داخل ہونے میں ناکام رہے اور پولیس سے الجھنے کے دوران پولیس نے ان پر مرچوں کا اسپرے بھی کیا۔
لیورپورل کا مطالبہ ہے کہ اسٹیڈ ڈی فرانس کے باہر پیش آنے والے اس واقعے کی تحقیقات کی جائیں۔ اس واقعے کے باعث میچ 30 منٹ تاخیر سے شروع ہوا تھا۔
دوسری طرف ریال میڈرڈ کے کوچ کارلو اینسیلوٹی کے لیے بھی یہ ایک اہم موقع ہے جنھیں ایک سال قبل ایورٹن سے برنابیو لایا گیا تھا اور واپس آنے کے بعد وہ اب تک لا لیگا اور چیمپیئنز لیگ جیت چکے ہیں۔
اینسیلوٹی میچ سے پہلے پریس کانفرنس میں بھی سب سے پرسکون اور نہایت پراعتماد نظر آ رہے تھے۔
وہ اپنی ٹیموں کو دو مرتبہ لیورپول کے خلاف جتوا چکے ہیں، ایک مرتبہ اس چیمپیئنز لیگ میں اور ایک مرتبہ سنہ 2007 میں اے سی مِلان کے خلاف یہ فتح نصیب ہوئی۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/vaL1qMc
No comments:
Post a Comment